راناثناء اللہ

اب ہم رہیں گے یاعمران،سیاسی حریف دشمنی پراترآیا،راناثناء اللہ

ویب ڈیسک:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے سیاست کو اس اسٹیج پر لاکر کھڑا کردیا ہے جہاں اب یا تو وہ رہیں گے یا ہم، اگر ہم سمجھیں گے کہ وجود کی نفی ہو رہی ہے تو ہر حد تک جائیں گے۔نجی نیوز چینل پی این این کو دیے گئے انٹرویو میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان سیاست میں جمہوری روایات، پرامن سیاسی ماحول پر یقین نہیں کرتے بلکہ انہوں نے سیاست کو دشمنی بنا دیا ہے اوراب وہ ہمیں اپنا دشمن سمجھتے ہیں جبکہ ہم ان کو اپنا سیاسی مخالف سمجھتے تھے لیکن اب بات یہاں تک آگئی ہے کہ وہ بھی ہمارا دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملکی سیاست کو وہاں لاکر کھڑا کردیا ہے
جہاں دونوں میں سے ایک کا وجود باقی رہنا ہے اور اگر ہم سمجھیں گے کہ ہمارے وجود کی نفی ہو رہی ہے تو ہم ہر اس حد تک جائیں گے جس میں اصولی، غیراصولی، جمہوری اور غیر جمہوری کی بات ختم ہوجائے گی۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کو اس اسٹیج پر لاکر کھڑا کردیا ہے جہاں اب یا تو وہ منفی ہوں گے یا ہم اور یہ چیز اس نے خود پیدا کی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جنرل(ر)باجوہ ہمارے خلاف انتقامی کارروائی، مقدمات بنانے اور جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرنے میں عمران خان کے ساتھ برابر کے شریک تھے جبکہ میرے خلاف ہیروئن کا مقدمہ بنانے میں فیض حمید بھی عمران خان کے ساتھ شریک تھے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ اور فیض حمید کے کورٹ مارشل کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم نواز پارٹی کی رہنما ہیں اور عوام میں بیان دے سکتی ہیں لیکن یہ فیصلہ کرنا اس ادارے کی ذمہ داری ہے، اگر ان کے خلاف مقدمہ درج ہوگیا تو منع نہیں کریں گے لیکن میرا خیال نہیں کہ اتنی جلدی یہ نظام اس قابل ہوگا۔

مزید پڑھیں:  مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ میں تاخیر ،سپیکر خیبرپختونخوا کاالیکشن کمیشن کو خط