لارجر بینچ

فوجی عدالتیں، سپریم کورٹ کا لارجر بینچ قائم

ویب ڈیسک: چیف جسٹس نے سویلین کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلانے سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت کے لئے نو رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا ہے جو جمعرات کو ان درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ سویلین کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کے علاوہ سابق وزیراعظم عمران خان اوروکیل اعتزاز احسن نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ حکومت نے نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم ہونے والے نو رکنی بینچ میں نامزد چیف جسٹس جسٹس قاضی فائز عیسی، جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہر اکبر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک شامل ہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو کافی عرصے کے بعد کسی لارجر بینچ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے ازخود نوٹس کے اختیارات کم کرنے سے متعلق جس قانون سازی کے خلاف جو آٹھ رکنی بینچ بنایا گیا تھا اس میں جسٹس قاضی فائز عیسی کو شامل نہیں کیا گیا تھا اور اس میں اکثریت جونئیر ججز کی تھی۔ جسٹس قاضی فائز عیسی 13اپریل کے بعد سپریم کورٹ کے کسی بینچ کا حصہ نہیں رہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستانی فائٹر شاہ زیب رند نے ورلڈ کراٹے کمبیٹ چمپئن شپ جیت لی