تذکرہ پر واپس جانے کی اجازت

پاکستان میں پھنسے افغانیوں کو تذکرہ پر واپس جانے کی اجازت

ویب ڈیسک: حکومت پاکستان نے عیدالاضحیٰ سے قبل جذبہ خیرسگالی کے تحت پاکستان میں پھنسے ہوئے افغانیوں کو افغانستان کے شناختی دستاویز تذکرہ پر واپس جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ طورخم ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ پاک افغان طورخم بارڈر پر پاکستانی حکام نے افغان مہاجرین پاسپورٹ اور ویزہ کے بغیر تذکرہ پر جانے کی اجازت دے دی۔ طورخم میں گزشتہ کئی دنوں سے افغان مسافر عید کے لئے واپس افغانستان جانے کے انتظار میں ہیں۔ ان مسافروں میں بچے، بوڑھے اور جوان شامل ہیں جو سخت گرمی میں اپنے وطن واپسی کے منتظر تھے لیکن ان افغانیوں کے ساتھ پاسپورٹ و ویزہ نہیں تھا حالانکہ پاسپورٹ اور ویزہ کے بغیر افغانستان نہیں جاسکتے۔
حکومت پاکستان نے گزشتہ سال بھی عید کے موقع پر افغانیوں کے لیے جذبہ خیرسگالی کے تحت تذکرہ پر جانے کا اجازت دی تھی اس سال بھی حکومت پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت فیصلہ کیا۔ اس فیصلے سے افغان مسافروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان خاندانوں میں مریض مسافر بھی شامل تھے۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی اس فیصلے سے قبل پاک افغان طورخم بارڈر پر ہزاروں کی تعداد میں مسافر جمع ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں:  لاہور جلسے سے قبل تحریک انصاف رہنماؤں وکارکنان کی پکڑ دھکڑ