مویشی جاں بحق

گرمی، درجنوں مویشی جاں بحق، کئی رسی توڑ کر بھاگ گئے

ویب ڈیسک: شدید گرمی کی وجہ سے خیبرپختونخوا کے مختلف میدانی اضلاع بشمول پشاور میں مویشی منڈیوں اور گھروں پر درجنوں کی تعداد میں مویشی جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں گرمی کی وجہ سے جانوروں کے پاگل ہونے اور گھروں سے فرار اور کئی جانوروں کو قربانی سے قبل ذبح کرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ رواں سال جون میں گرمی نے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ مسلسل 6 روز تک گرم مرطوب اضلاع بشمول پشاور میں ایک ہفتے تک دن کے اوقات میں درجہ حرارت 44 سے 47 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے اور اس گرمی کی شدت 49 سے 52 سینٹی گریڈ تک رہی ہے۔ اس دوران ہوا میں نمی کا تناسب بھی کم ہوا ہے جس کی وجہ سے اگر ایک جانب سینکڑوں کی تعداد میں شہری لو لگنے کی وجہ سے متاثر ہو کر ہسپتالوں میں داخل ہوئے ہیں وہیں جانوروں کیلئے بھی یہ گرمی جان لیوا ثابت ہوئی ہے۔
عید کے سیزن کی وجہ سے منڈیوں میں جانور بڑی تعداد میں فروخت کیلئے لائے گئے ہیں جبکہ گھروں اور حجروں میں بھی لوگوں نے قربانی کے جانوروں کو باند رکھا ہے تاہم اس ایک ہفتے کے دوران پشاور کی مختلف منڈیوں کے ساتھ ساتھ دیگر مقامات پر مویشی منڈیوں میں درجنوں جانور گرمی اور پیاس کی وجہ سے جاں بحق ہوئے ہیں۔ ان جانوروں میں بھینس اور گائے وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ درجنوں کی تعداد میں جانور گرمی کی وجہ سے پاگل ہوئے ہیں اور رسیاں توڑ کر فرار ہوئے ہیں جن میں سے بعض کو مالکان نے مرنے سے قبل موقع پر ذبح کردیا ہے جبکہ بعض علاقوں میں گم شدہ جانور تاحال مالکان کو واپس نہیں ملے ہیں جس کی وجہ سے بیوپاریوں اور قربانی کے جانور خریدنے والے افراد کو لاکھوں روپے کا مالی نقصان ہوا ہے۔ واضح رہے کہ قربانی کے مویشیوں کے علاوہ بڑے پیمانے پر کتے اور بلیاں بھی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

مزید پڑھیں:  عدلیہ میں بہتری کےلئے آئینی عدالتوں کا قیام ضروری قرار