پشاور کی مویشی منڈیوں

پشاور کی مویشی منڈیوں میں رش بڑھ گیا، قیمتیں تاحال بے قابو

ویب ڈیسک: عید قربان میں صرف دو دن باقی ہیں تاہم اب تک پشاور کی مویشی منڈیوں میں قیمتیں کم نہ ہو سکیں جبکہ پشاور اور قریبی دیہاتوں کی مویشی منڈیوں میں خریداروں کا رش لگ گیا اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہونے والی بارش بھی مویشی کی قیمتوں میں کمی نہ لا سکی اور بیوپاری منہ مانگے دام طلب کرتے رہے جس کے باعث پشاور کے کئی شہری تاحال قربانی کے جانور سے محروم ہیں۔ عید قربان کیلئے پشاور کی مویشی منڈیوں میں ہزاروں افراد خریداری کیلئے پہنچ گئے ۔ سربند، رنگ روڈ، چارسدہ روڈ، کالا منڈی ترناب فارم اور اکبر پورہ سمیت نواحی علاقوں میں لگنے والی مویشی منڈیوں میں بھی خریداروں کا کافی رش لگ گیا
تاہم اس دوران قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں کمی نہ آئی بلکہ مزید اضافہ ہو گیا۔ پشاور کی منڈیوں میں اوسط درجے کی گائے اور بیل کی قیمت بدستور ایک لاکھ 20ہزار سے ڈیڑھ لاکھ جبکہ بڑے سائز کے بیل دو لاکھ سے کم پر بیوپاری فروخت کرنے پر تیار نظر نہیں آتے ۔ اسی طرح درمیانے درجے کا دنبہ40سے لیکر 50ہزار جبکہ بڑے سائز کے دنبے کی قیمت60ہزار سے 70ہزار رہی ۔ اسی طرح بکروں کی جوڑ ی ایک لاکھ روپے سے زائد میں فروخت کی گئی ۔ قربانی کے جانوروں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے
پشاور کے زیادہ تر شہریوں نے ایک اور دن کا انتظار کر لیا اور منڈیوں سے خالی ہاتھ واپس لوٹ گئے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ آئندہ دو روز میں امید ہے کہ مویشیوں کی قیمتوں میں کمی آجائے ۔

مزید پڑھیں:  مخصوص نشستیں، الیکشن کمیشن کا تیسرا اجلاس بھی بے نتیجہ ختم