پشاورمیں ٹارگٹڈ سرچ آپریشنز کا سلسلہ تیز، سیکورٹی ہائی الرٹ

ویب ڈیسک: یکہ توت اور پشتخرہ سمیت مختلف علاقوں میں امن وامان کی صورتحال بر قرار رکھنے کیلئے ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کاسلسلہ عید کے تیسرے روز بھی جاری رہا۔تھانہ یکہ توت کے علاقے رشید گڑھی ودیگرملحقہ علاقوں میں آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز سمیت پولیس کمانڈوز ، لیڈیز پولیس اور دیگر یونٹس کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔
متعدد گھروں کی چیکنگ کے دوران غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں و مشتبہ افراد کو پولیس حراست میں لیا گیاجن سے مختلف زاویوں پر تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔اسی طرح پشتخرہ کے تاج آباد ودیگر مختلف علاقوں میں خصوصی پلان کے تحت سرچ آپریشن کیاگیااورمتعددافراد کو حراست میں لیکر ان سے پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ پشاور میں دوسکھوں اور پولیس اہلکار پر حملے اور مبینہ دہشتگردوں کے داخلے کی اطلاعات پرنہ صرف سیکورٹی ہائی الرٹ کی گئی ہے بلکہ مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ بھی تیز کردیا گیا ہے۔
شہر بھر میں پولیس کی جانب سے خصوصی ناکوں پر بھی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔

مزید پڑھیں:  پشاور: ایم ڈی کیٹ 2024کے انعقاد کے حوالے سے تمام ممکنہ انتظامات مکمل