بے گناہ انسانوں کا خون بہانے

بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں، گورنر

ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے باجوڑ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکہ میں بیگناہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، گورنر نے دھماکے کے فوری بعد چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ سے ٹیلی فون کے ذریعے رابطہ کیا اور زخمیوں کو فوری طبی امداد پہنچانے اور قریبی ہسپتالوں کو پہنچانے کی ہدایت کی۔ گورنر کی ہدایت پر ہیلی کاپٹر بھی باجوڑ دھماکہ کے زخمیوں کو پشاور و قریبی اضلاع کے ہسپتالوں میں پہنچانے کیلئے روانہ کیا گیا، گورنر نے کہا کہ کوئی بھی مذہب بے گناہ انسانوں کا خون بہانے کی اجازت نہیں دیتا، بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔
گورنر نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں میں ہائی الرٹ کرنیکی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں طبی عملہ کو الرٹ رہنے اور باجوڑ دھماکہ کے زخمیوں کو تمام تر طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ گورنر نے باجوڑ دھماکہ کے شہداء کے درجات بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے، گورنر حاجی غلام علی نے بعدازاں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ بھی کیا اور باجوڑ دھماکہ کے زخمیوں کے علاج معالجہ کیلئے طبی سہولیات و انتظامات کا جائزہ لیا اور باجوڑ دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ نگران صوبائی وزراء ساول نذیر ایڈوکیٹ، مشیر صحت ڈاکٹر ریاض، مئیر پشاور حاجی زبیر علی بھی گورنر کے ہمراہ تھے۔ گورنر نے ہسپتال انتظامیہ سے ملاقات کی۔ گورنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دھماکے کے زخمیوں کے لئے ایمرجنسی میں خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔
زخمیوں کے لئے الگ وارڈ ڈاکٹرز نرسز اور پیرامیڈیکس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، تمام ضروری ادویات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ آئی سی یو کی ٹیم بھی الرٹ ہے اور خون بھی وافر مقدار میں موجود ہے۔ گورنر نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو تمام تر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں گورنر نے سی ایم ایچ پشاور کا بھی دورہ کیا اور وہاں زیر علاج باجوڑ دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کی، گورنر نے سی ایم ایچ میں باجوڑ دھماکہ کے شہداء کی میتیں وصول کرنے کیلئے آنیوالے لواحقین سے ملاقات بھی کی انکا حوصلہ بڑھایا اور کہا کہ پوری قوم آپکے غم میں برابر کی شریک ہے۔

مزید پڑھیں:  کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ نے احتجاج کی ذمہ داری میئر پشاور زبیر علی پر ڈال دی