خودکش حملوں میں اضافہ

رواں برس خودکش حملوں میں اضافہ، 200 سے زائد جاں بحق ہوئے

ویب ڈیسک: پاکستان میں رواں برس خودکش حملوں میں تشویشناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ برس کے مقابلے میں ان حملوں میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ صرف جولائی کے مہینے میں دہشتگردی کے 54 واقعات پیش آئے ہیں۔ 2023 کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران پاکستان میں 18 خودکش حملے ہوچکے ہیں جس کے نتیجے میں 200 سے زائد جانیں ضائع ہوئیں اور 450 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔یہ اعداد و شمار گزشتہ روز پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سیکیورٹی سٹڈیز (پی آئی سی ایس ایس) نے جاری کیے ہیں جس کے مطابق ان حملوں سے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع (سابق فاٹا) متاثر ہوئے ہیں۔ 2023 میں ہونے والے کْل خودکش حملوں میں سے 9 حملے ان ہی علاقوں میں ہوئے جن میں پولیس وسیکورٹی اہلکاروں سمیت تقریباً 60 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی ہوئے تاہم 30 جولائی کو جے یو آئی (ف) کے اجتماع کے دوران ہونے والا حالیہ حملہ قبائلی اضلاع میں رواں برس اب تک ہونے والا سب سے مہلک حملہ ثابت ہوا۔
ان میں سے پشاور پولیس لائنز حملہ ملک میں سب سے زیادہ مہلک تھا، جس میں 100 سے زائد افراد کی جانیں گئیں۔ رپورٹ کے مطابق صرف جولائی کے مہینے میں 54 حملے ہوئے جبکہ بلوچستان میں بھی گزشتہ سال کی نسبت رواں سال حملوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  آرمی چیف کی قومی ہاکی ٹیم سے ملاقات ، کارکردگی کو سراہا