نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

انوارالحق کاکڑ ملک کے آٹھویں نگران وزیراعظم مقرر، صدر نے منظوری دیدی

ویب ڈیسک: قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد سے وزیراعظم شہباز شریف اور سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان نگران وزیراعظم کے انتخاب کے سلسلے میں ملاقاتوں کا سلسلہ دو دن جاری رہا۔ آج وزیراعظم ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق کرتے ہوئے انہیں نگران وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیراعظم کی جانب سے دستخط ہونے کے بعد سمری صدر مملکت کو ارسال کر دی گئی تھی جس پر صدر مملکت کی جانب سے بھی درستخط کر دیئے گئے ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 224 ایک اے کے تحت انوار الحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم تعیناتی کی منظوری دے دی۔ اس منظوری کے بعد انوارالحق کاکڑ ملک کے آٹھویں نگران وزیراعظم ہوں گے۔
راجہ ریاض کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انوار الحق کاکڑ کا نام میں نے دیا تھا، ان کے انتخاب پر میں وزیراعظم شہباز شریف کا مشکور ہوں، وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات مِیں اتفاق ہوا تھا کہ نگران وزیراعظم چھوٹے صوبے سے منتخب کیا جائے گا تاکہ چھوٹے صوبوں کی محرومی کا خاتمہ ہو سکے۔ فیصلے کے بارے میں ترجمان وزیراعظم آفس کی جانب سے بھی تصدیق کر لی گئی ہے۔
بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے انوار الحق کاکڑ 2018 میں سینیٹر منتخب ہوئے اور وہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سمندر پار پاکستانی کے چئیرمین بھی ہیں۔ سینیٹر انوارالحق کاکڑ کا تعلق کوئٹہ سے ہے، وہ 1971 میں بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں پید اہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم سن فرانسز ہائی سکول کوئٹہ سے حاصل کی جس کے بعد انہوں نے کیڈٹ کالج کوہاٹ میں داخلہ لیا لیکن والد کے انتقال پر واپس کوئٹہ آگئے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف بلوچستان سے پولیٹیکل سائنس اور سوشیالوجی میں ماسٹر کیا اور پھر مزید اعلیٰ تعلیم کے لیے لندن چلے گئے۔
انوارالحق کاکڑ نے کیرئیر کا آغاز اپنے آبائی سکول میں پڑھانے سے کیا۔ 2008 میں (ق) لیگ کےٹکٹ پر انہوں نے کوئٹہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا جس میں انہیں کامیابی نہ مل سکی، 2013 میں بلوچستان حکومت کےترجمان رہے جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کی تشکیل میں ان کا کلیدی کردار رہا۔
بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر انوار الحق کاکڑ 2018 میں سینیٹر منتخب ہوئے اور وہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سمندر پار پاکستانی کے چئیرمین بھی ہیں۔ انوارالحق کاکڑ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پشتون سیاست دان ہیں جنہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

مزید پڑھیں:  اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تعیناتی عدالت میں چیلنج