ایس ایچ اوز کی سرزنش

بڑھتے جرائم پر تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز طلب، کئی کی سرزنش

ویب ڈیسک: پشاور میں بڑھتے جرائم اور وارداتوں پر چیف کیپٹل سٹی پولیس اشفاق انور نے ضلع بھر کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو طلب کر کے انکی سرزنش کر ڈالی اور ہدایت کی وہ اپنا قبلہ درست کریں اور متعلقہ علاقوں میں جرائم پر قابو پائیں بصورت دیگر انہیں عہدوں سے ہٹایا جائے گا۔ انہوں نے اچھی شہرت کے حامل افسران کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔
بدھ کے روز سی سی پی او نے پولیس لائنز میں پشاور کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو طلب کیا اور ان سے متعلقہ علاقوں میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم کی بیخ کنی کے حوالے سے باز پرس کی۔ ذرائع کے مطابق سی سی پی او نے جرائم پیشہ عناصر، سمگلرز، پراپرٹی و بارگین ڈیلروں سے روابط رکھنے پر کئی ایس ایچ اوز کو خبردار کیا کہ وہ راہ راست پر آجائیں۔ انہوں نے پولیو ڈیوٹی کے دوران راہزنوں کی فائرنگ سے جاں بحق کانسٹیبل جبکہ شاہ پور میں ڈائریکٹر قتل میں ملوث افراد کی عدم گرفتاری پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ تھانے میں آرام نہ کریں بلکہ ملزمان کا پیچھا کریں۔ ذرائع نے بتایا کہ سی سی پی او نے کئی تھانوں کے ایس ایچ اوز کی کارکردگی بھی غیرتسلی بخش قراردی۔
واضح رہے کہ سی سی پی او نے حال ہی میں مبینہ کرپشن، اختیارات کے ناجائزاستعمال اور جرائم پیشہ عناصر کیساتھ تعلقات کے الزام میں متعدد ایس ایچ اوز کو ضلع بدر اور معطل بھی کیا ہے۔ دو روز قبل بھی دو ایس ایچ او ز کو معطل کر کے چارج شیٹ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں سرچ آپریشنز بڑھانے کیساتھ ساتھ موثر چیکنگ اور موجودہ حالات کے پیش نظر پولیس کو الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے محرر سٹاف کے رویہ میں مثبت تبدیلی لانے اور سائلین کی فوری داد رسی کو ہر صورت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم نے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کی منظوری دے دی