سوات ٹمبر مافیا

سوات، ٹمبر مافیا نے رکھوالوں کے ساتھ مل کر جنگلات کا صفایا شروع کر دیا

ویب ڈیسک: ہرے بھرے جنگلات اور قدرتی حسن کیلئے دنیا بھر میں مشہور سوات میں ٹمبر مافیا نے جنگلات کے رکھوالوں کے ساتھ مل کر جنگلات کا صفایا شروع کر دیا۔ تحصیل بحرین کے علاقہ پلانچی میں ٹمبر مافیا نے دیار کے ہزاروں قیمتی درخت کاٹ کر جنگل کا صفایا کر دیا۔ اس پہاڑ پر جانیوالے افراد نے بتایا کہ کوز کلے سے ٹمبر مافیا نے جنگل میں دیار کے درختوں کے کاٹنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور پلانچی کے بالائی مقام پر ٹمبر مافیا نے جنگل کا صفایا کر دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھیوں نے وہاں رہ کر چار ہزار درختوں کی گنتی کی جو کٹ چکے ہیں مگر کاٹے گئے درختوں کی تعداد اس سے کئی زیادہ ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹمبر مافیا کیساتھ محکمہ جنگلات کے اہلکار جو ان درختوں کے رکھوالے ہیں، ساتھ ملے ہوئے ہیں اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کی مدد سے جنگل میں درختوں کے کاٹنے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ تحصیل بحرین کے علاوہ بھی سوات کے بیشتر مقامات پر جنگلات میں درختوں کی کٹائی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ جنگلات تحصیل بحرین کے ڈویژنل فارسٹ آفیسر محمد صدیق سے ان کا موقف جاننے کیلئے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات ٹمبر مافیا کے خلاف باقاعدگی سے کارروائی کرتا ہے۔ گذشتہ روز "ہفتہ” کو بھی انہوں نے اس علاقہ میں ٹمبر مافیا سے لکڑی ضبط کی تھی اور ان کو جب بھی اس طرح کی اطلاع ملتی ہے، تو ان کے اہلکار اطلاع ملتے ہی ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  دبئی پراپرٹی لیکس میں حزب اللہ اور اسلامی پاسداران انقلاب کا نام بھی شامل