سونے کی قیمت میں اضافہ

سونے کی فی تولہ قیمت میں یکمشت 3 ہزار 100 روپے کا بڑا اضافہ

ویب ڈیسک: ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت یکمشت 3 ہزار 100 روپے بڑھ گئی۔ یوں ایک ہفتے میں سونا 8 ہزار 100 روپے مہنگا ہوگیا۔ پیر کے روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 100 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 29 ہزار 900 تک پہنچ گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 658 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 97 ہزار 102 روپے ہوگئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 2 ڈالرز کے اضافے کے بعد ایک ہزار 891 ڈالرز تک پہنچی ہے۔
ملک میں 14 اگست کے بعد سے سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 15 اگست کو 1100، 16 اگست کو 900، 17 اگست کو 1200، 18 اگست کو 300 اور 19 اگست کو 1500 روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ دوسری طرف پیر کے روز انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 1 روپے 35 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 297 روپے 13 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے مہنگا ہو کر 306 روپے میں دستیاب تھا۔ انٹربینک میں جمعہ کے روز ڈالر 295 روپے 78 پیسے پر بند ہوا تھا۔ یاد رہے کہ نگران حکومت کے آنے کے بعد سے اب تک ڈالر 8 روپے 64 پیسے مہنگا ہوچکا ہے۔
11 اگست کو انٹربینک میں ڈالر 288 روپے 49 پیسے پر بند ہوا تھا۔ علاوہ ازیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر 107 پوائنٹس کی کمی سامنے آئی۔

مزید پڑھیں:  امریکہ میں صدارتی انتخابات کیلئے قبل از وقت ووٹنگ شروع