معیشت بحالی آرمی چیف

معیشت بحالی، حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے، آرمی چیف

ویب ڈیسک: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آرمی چیف، وفاقی کابینہ، وزرائے اعلیٰ، صوبائی وزراء اور اعلیٰ سطح کے سرکاری افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے اقدامات اور اہم شعبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی کی جانب سے ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اعتماد کا اظہار اور ملکی معیشت کی بحالی کی طرف مثبت رفتار کو برقرار رکھنے میں اپنے عزم اور حمایت کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہم آہنگی حاصل کرنے کے سلسلے میں خصوصی سرمایہ کاری کونسل کے موثر کام کی تعریف کی۔ ایپکس کمیٹی نے عالمی سطح پر رسائی حاصل کرنے کی حکمت عملی اور دوست ممالک کے ساتھ جاری مصروفیات کو سراہا جس میں مملکت سعودی عرب اور اسلامک آرگنائزیشن فار فوڈ سیکیورٹی کے اعلیٰ سطحی وفود کے نتیجہ خیز دورے شامل ہیں۔
ایپکس کمیٹی نے زراعت، لائیو اسٹاک، کان کنی، معدنیات، آئی ٹی اور توانائی کے کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے گزشتہ حکومت کے منظور کردہ منصوبوں کی بھی توثیق کی۔ اجلاس میں آرمی چیف نے ملکی معیشت کی بحالی اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کرنے کی خاطر پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھنے کے لئے نگراں حکومت کو پاک فوج کے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کے شاہ زیب رند کراٹے چیمپئن بن گئے