شٹر ڈاؤن ہڑتال

تاجروں کا بجلی بلوں کے خلاف آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے تاجروں نے بجلی کے مہنگے بلوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف آج صوبہ بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ خیبرپختونخوا کی تاجر تنظیموں، تنظیم تاجران کے صوبائی سربراہ ملک مہر الٰہی، انجمن تاجران سینئر رہنما حاجی محمد افضل اشرف، چیرمین انجمن تاجران شوکت علی خان اور غلام بلال جاوید چیف ایگزیکٹو ٹریڈرز الائنس فیڈریشن نے کہا ہے کہ بجلی کے مہنگے بلوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف جمعرات 31 اگست کو پشاور بھر کی مارکیٹیں بند رہیں گی۔ دیگر ٹریڈ یونینوں نے بھی اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 31 اگست کو خیبرپختونخوا کی تمام مارکیٹیں شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں گی۔
دریں اثناء امین حسین بابر چیئرمین صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کیلئے مفت بجلی کی ترسیل کی مراعات مکمل طور پر بند کی جائیں۔ ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام دوست پالیسیاں بنائے، انہوں نے مزید کہا کہ حکام کو چاہیے کہ وہ سرکاری اہلکاروں کیلئے بجلی کے مفت یونٹ بھی ختم کریں۔ بجلی کے مہنگے بلوں نے خیبر سے کراچی تک ملک گیر احتجاج کو جنم دیا اور ملک کے کچھ حصوں میں احتجاج پرتشدد شکل اختیار کر رہا ہے۔
احتجاج کرنے والوں کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ معززین کو مفت بجلی کی فراہمی کو ختم کرے اور عوام اور تاجروں کو ریلیف فراہم کرے کیونکہ انہیں جو بل وصول ہو رہے ہیں وہ ان کی تنخواہوں اور انکم سے زیادہ ہیں۔

مزید پڑھیں:  کرک: گیس کم پریشر پر دھرنا تیسرے روز بھی جاری