چینی مہنگی

90 دن میں چینی 100 روپے فی کلو مہنگی ہو گئی

ویب ڈیسک: استعمال کیلئے موجود سٹاک سے اڑھائی لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد اور سمگلنگ کی وجہ سے تین ماہ کے دوران ایک سو روپے کے اضافہ کے ساتھ کئی اضلاع بشمول پشاورکے مختلف علاقوں میں ایک کلوگرام چینی کی قیمت 180 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں 57 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی پیداوار ہے جبکہ اس کا استعمال 65 لاکھ میٹرک ٹن سے زیادہ ہے۔ اس فرق کو ختم کرنے کیلئے بیرون ممالک سے چینی درآمد کی جاتی ہے۔
اس مرتبہ ملک میں ضرورت کے مطابق چینی کا سٹاک تھا لیکن سابق وفاقی حکومت نے اس سٹاک میں سے اڑھائی لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کر لی، جبکہ تین لاکھ میٹرک ٹن سے زائد چینی افغانستان وغیرہ کو سمگل ہوئی جس کی وجہ سے اب پاکستان کو دوبارہ چینی درآمد کرنے کی ضرورت پڑگئی ہے۔ دو سال قبل 2021 میں بھی اس طرح کی صورتحال پیش آئی تھی جب حکومت نے پہلے اپنا سٹاک فروخت کر دیا تھا اور بحران پیدا ہونے کے بعد مارچ 2021 کی بجائے اگست میں چینی کی سپلائی کا آرڈر دے دیا تھا۔ ان وجوہات اور بدانتظامی کی وجہ سے ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی چینی کے بحران نے شدت اختیار کی ہے اور چینی کی قلت کے باعث پشاور میں چینی 180 روپے کلو بک رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  رواں سال پاکستان سٹاک ایکسچینج دنیا کی بہترین مارکیٹ قرار