لیڈی ڈیانا

لیڈی ڈیانا کو دنیا سے رخصت ہوئے 26 برس بیت گئے

ویب ڈیسک: کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کو دنیا سے رخصت ہوئے 26 برس بیت گئے، آج برطانیہ سمیت دنیا بھر میں ان کی برسی کی تقریبات منائی جائیں گی۔ پرنسز آف ویلز جنہیں دنیا لیڈی ڈیانا کے نام سے جانتی ہے یکم جولائی 1961 کو برطانیہ کے علاقے نورفوک میں پیدا ہوئیں، وہ 29 جولائی 1981ء کو برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔
لیڈی ڈیانا کی شادی کو فیری ٹیل میرج قرار دیا گیا اور دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے شادی کی تقریب دیکھی، دنیا کے مقبول ترین شاہی جوڑے میں شادی کے سولہ سال بعد اگست 1996 میں طلاق ہوگئی، ان کے دو بیٹے شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری ہیں۔
ڈیانا کو ان کے فلاحی کاموں کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ لیڈی ڈیانا نے کینسر میں مبتلا لوگوں کو زندگی کی امید دلائی، بچے یورپ کے ہوں، افریقہ یا ایشیاء کے بے گھر افراد ہوں، معذور یا کسی بھی بیماری میں مبتلا ہوں، مصیبت زدہ لوگ ہمیشہ لیڈی ڈیانا کی توجہ کا محور رہے۔
لیڈی ڈیانا 1995 اور 1997 میں پاکستان بھی آئیں اور پاکستان کے مختلف شہروں سمیت شوکت خانم ہسپتال لاہور کا دورہ کیا، ڈیانا 26 سال قبل 31 اگست 1997ء کو پیرس میں ایک کار حادثے کے نتیجے میں زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔

مزید پڑھیں:  دورہ انگلینڈ کیلئے پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان