خراب نتائج کارروائی

خراب نتائج پر سکول سربراہوں کیخلاف کارروائی، اجلاس طلب

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں میٹرک کے سالانہ امتحانات میں ناقص کارکردگی دکھانے والے سرکاری سکولز کے سربراہان کے حوالے سے کارروائی کیلئے آئندہ چند دنوں میں اہم اجلاس شیڈول کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے جس میں سیکرٹری تعلیم سمیت اعلیٰ افسران فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ آٹھوں تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ نتائج میں سرکاری سکولز کی جانب سے انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلبا اورطالبات نے تمام تعلیمی بورڈز میں نمایاں پوزیشن لینے کے ساتھ ساتھ بورڈز بھی ٹاپ کئے ہیں۔ تاہم ابتدائی پچاس پوزیشن ہولڈرز میں ایک بھی سرکاری سکول کا طالبعلم موجود نہیں۔
اس صورتحال میں تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز سے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سرکاری سکولز کے سربراہان کی فہرستیں طلب کی گئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ تقریبا تمام اضلاع سے سکولز کی نشاندہی کر دی گئی ہے جس پر آئندہ چند دنوں میں اہم اجلاس ہو رہا ہے۔ اجلاس میں فہرستوں کا جائزہ لیا جائے گا اور ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سکول سربراہان کے خلاف انضباطی کارروائی بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

مزید پڑھیں:  پنجاب حکومت کے خوف نے ثابت کر دکھایا کہ جلسہ تاریخی ہے، بیرسٹر سیف