پشاور’1ماہ میں سٹریٹ کرائمزمیں ملوث42گینگز بے نقاب

ویب ڈیسک: کیپٹل سٹی پولیس نے گزشتہ ماہ کے دوران سٹریٹ کرائمز، ڈکیتی،چوری ودیگروارداتوں میں ملوث گروہوں کیخلاف کارروائیوں کے دوران 42 گینگز کو بے نقاب کیا جبکہ ان کے 98 کارندوں کو گرفتار کیاگیا جن کے قبضہ سے 48 لاکھ 30 ہزار روپے سے زائدکی رقم ،224 چھینے گئے موبائل فونز، 11گاڑیاں، 79 موٹرسائیکلیں، 10تولہ طلائی زیورات ، 4رکشے، لاکھوں مالیت کے پرائز بانڈز و دیگر قیمتی اشیا برآمد کی گئیں ۔
سی سی پی او پشاور اشفاق انور کے مطابق قیام امن اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے نہ صرف ٹربل پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی بلکہ جیلوں سے رہا ہونے والے عناصر سمیت قبضہ مافیا اور مختلف جرائم میں ملوث عناصر کی ازسر نو فہرستیں مرتب کرکے انکی کڑی نگرانی کا عمل شروع کر دیا گیا۔ وارداتوں میں ملوث گینگز میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے باشندے بھی شامل ہیں ۔ مختلف تھانہ جات کی حدود میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران گھروں سے چوریاں اور لوٹ مار کرنے والے ملزمان بھی شامل ہیں
جن کے قبضہ سے بھاری رقم کے علاوہ 27 مسروقہ کمپریسرز ، لیپ ٹاپ، ایل ای ڈی سمیت وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ گرفتار گینگزسے تعلق رکھنے والے ملزمان اسلحہ کی نوک پر راہزنی، ڈکیتی، سواریوں کی گاڑیوں میں شہریوں کو لوٹنے، موٹرکار لفٹنگ،گاڑیاںوموٹرسائیکل چھیننے اور دیگر سنگین جرائم میں بھی ملوث ہیں۔ان میں گاڑیاں چوری کرکے انکے چیسز نمبرات تبدیل کرنے اور جعلی کاغذات بنوانے کے بعد ملک کے دیگر شہروں کو منتقل کرنے والے ملزمان بھی شامل ہیں ۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کا بیروت میں ڈرون حملہ، حزب اللہ کے اہم کمانڈر کی شہادت کی اطلاعات