ڈالر نرخ

اداروں کی نگرانی جاری، ڈالر اور سونے کے نرخ مزید گر گئے

ویب ڈیسک: سٹیٹ بینک سمیت متعلقہ اداروں کی جانب سے زرمبادلہ کے لین دین، داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی، ڈالر کی سمگلنگ اور بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھتے ہوئے گرفتاریوں سے ڈالر جمعہ کو بھی ریورس گیئر میں رہا جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 303 روپے سے نیچے اور اوپن ریٹ 304 روپے پر آگئے۔
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 2 روپے 99 پیسے گھٹ کر 301 روپے 95 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن وقفے وقفے سے درآمدی و بیرونی ادائیگیوں کی ڈیمانڈ سے ڈالر کی قدر میں اتار چڑھائو کا رجحان پیدا ہوا تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2 روپے کی کمی سے 302 روپے 94 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ اوپن مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 3 روپے کی کمی سے 304 روپے پر بند ہوئی۔
اس طرح سے گزشتہ تین روز کے دوران ڈالر کے انٹربینک ریٹ میں مجموعی طور پر 4 روپے 15 پیسے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی قیمتوں میں چند روز قبل تک 25 تا 28 روپے کا بڑا فرق اب گھٹ کر صرف 1 روپے 6 پیسے رہ گیا جس سے آئی ایم ایف کی 1 اعشاریہ 25 فیصد کی عائد کردہ شرط بھی پوری ہو گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کریک ڈائون کی وجہ سے حوالہ ہنڈی آپریٹرز روپوش ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بینکاری چینل سے ترسیلات زر کی آمد بڑھنے کے امکانات ہیں۔ دوسری طرف سونے کی فی تولہ قیمت میں جمعہ کے روز 4 ہزار روپے کمی آئی ہے جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 12 ہزار 500 روپے ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز سونے کا بھائو 5 ہزار 800 روپے کم ہو کر 2 لاکھ 16 ہزار 500 روپے ہو گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  علی امین گنڈاپور نے رکاوٹ بنے ٹرک کا شیشہ توڑ دیا