ایف آئی اے سٹاپ لسٹ

بدعنوانی الزامات، ایک ہزار افراد کے بیرون ملک جانے پر پابندی

ویب ڈیسک: ملک کی معاشی بدحالی کے ذمہ داروں کے گرد گھیرا تنگ ہوتا جارہا ہے، بدعنوانی کے الزامات کے تحت اہم شخصیات کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لئے تیار کی گئی سٹاپ لسٹ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات ایف آئی اے امیگریشن کے اہم ذرائع نے بتایا کہ سٹاپ لسٹ میں شامل ناموں کی تعداد اب 1 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ابتدائی طور پر سٹاپ لسٹ میں اعلیٰ ترین عہدوں پر فائز شخصیات کے بجائے ان کے قریبی ساتھیوں اور ان کے ساتھ تعینات سرکاری افسران کے نام شامل ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ ایف آئی اے امیگریشن کی سٹاپ لسٹ میں سابق وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے بعض قریبی ساتھیوں اور افسران کے نام شامل ہیں، لیکن حال ہی میں بیرون ملک جانے والے سندھ کے 3 اہم وزراء کے نام سٹاپ لسٹ میں نہیں تھے۔ ایف آئی اے ذرائع کا بتانا ہے کہ سٹاپ لسٹ میں حکومتوں میں شامل سیاسی شخصیات اور سرکاری افسران شامل ہیں، اس کے ساتھ سٹاپ لسٹ میں تاجر، بلڈر اور صنعتکاروں کے نام شامل ہیں۔
لسٹ میں مالی بدعنوانی، ٹیکس چوری، حوالہ اور ہنڈی کے کاروبار سے منسلک شخصیات، کرنسی، چینی اور پیٹرولیم کی سمگلنگ میں ملوث افراد کے نام بھی شامل ہیں۔ ایف آئی اے ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کی فنڈنگ کرنے والی شخصیات کے نام بھی سٹاپ لسٹ میں شامل ہیں، اس کے ساتھ پی ٹی آئی حکومت کے حامی متعدد اعلیٰ سرکاری افسران کے نام بھی سٹاپ لسٹ میں درج ہیں۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر امیگریشن عملے کو سٹاپ لسٹ میں شامل افراد کو سختی سے روکنے کی ہدایت ہے۔

مزید پڑھیں:  عدلیہ میں بہتری کےلئے آئینی عدالتوں کا قیام ضروری قرار