عالمی بینک 2 ارب ڈالر

عالمی بینک نے پاکستان کو رواں سال 2 ارب ڈالر دینے کی یقین دہانی کرا دی

ویب ڈیسک: عالمی بینک نے پاکستان کو رواں مالی سال 2 ارب ڈالر فراہمی کا اشارہ دے دیا ہے۔ نگران وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو مستحکم کرنے اور پائیدار اقتصادی نمو کیلئے اصلاحات پر عمل پیرا ہے، پاکستان عالمی بینک کے ساتھ اپنی ڈیویلپمنٹ پارٹنرشپ کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے کہا کہ رواں مالی سال عالمی بینک سے پاکستان کو دو ارب ڈالر کی فنانسنگ فراہمی کے اہداف کی مشترکہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ملاقات کے دوران ناجی بن حسائن نے پاکستان کو رواں مالی سال دو ارب ڈالر فراہم کرنے کا عندیہ دیا۔ تاہم یہ تفصیلات فراہم نہیں کی گئی کہ یہ رقم کس مد میں فراہم کی جائے گی۔ وزارتِ خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے شمشاد اختر سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں عالمی بینک کے پاکستان میں جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران پاکستان میں عالمی بینک کے جاری منصوبوں کی مجموعی کارکردگی پر تبادلہ خیال ہوا، ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد کے لیے مختلف ترجیحی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے نگران وزیر خزانہ کو عالمی بینک کے جاری پورٹ فولیو پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک انتطامیہ وزارتِ خزانہ کے ساتھ مل کر نہ صرف جاری پورٹ فولیو کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے بلکہ زیادہ سے زیادہ فارن ریسورسز کی ڈسبرسمنٹ کی جارہی ہے۔ شمشاد اختر نے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کو پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے اور اقتصادی استحکام کے لیے جاری حکومتی کوششوں بارے تفصیلات سے آگاہ کیا اور عالمی بینک کی ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی بینک کے ساتھ اپنی ترقیاتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

مزید پڑھیں:  آئینی ترامیم کا مقصد اشرافیہ کا قبضہ مضبوط کرنا ہے : شاہد خاقان