مہاجرین کی وطن واپسی کی مدت میں120دن باقی

ویب ڈیسک: پاکستان میں رہائش پذیر افغان مہاجرین کی وطن واپسی کی قانونی مدت میں120دن باقی رہ گئے ہیں، یہ توسیع رواں سال 31دسمبر کو پوری ہو جائیگی جس کے بعد10لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے تاہم عالمی اداروں کی جانب سے افغانستان کے حالات کے پیش نظر افغان خاندانوں کو واپس نہ کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے جس کی روشنی میں اس مدت میں اگلے سال تک توسیع کا بھی امکان ہے تاہم غیر قانونی مقیم باشندوں اور جعلی شناختی کارڈ بنانے والے افراد کیساتھ کسی قسم کی رعایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے حکومت نے چاروں صوبائی حکومتوں سے رپورٹ طلب کی ہے
جس کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق پاکستان میں مقیم رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رہائشی مدت میں رواں سال31دسمبر تک مہلت دی گئی ہے اس ڈیڈلائن کے خاتمہ میں چارمہینے باقی رہ گئے ہیں۔ دوسری جانب غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کیخلاف بھی کریک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امکان ہے کہ قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو کچھ عرصہ کیلئے مزید رہائش کی اجازت دی جائیگی جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو14فارن ایکٹ کے تحت بیدخل کردیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  قومی اسمبلی سے پاکستان تحریک انصاف کا وجود ختم