کالام ،جانشئی بانڈہ میں جنگل کا صفایا، سیکڑوں قیمتی درخت کاٹ دیئے گئے

ویب ڈیسک:سوات میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی کا سلسلہ جاری ہے۔ شجر دشمنوں نے کالام کے علاقہ جانشئی بانڈہ میں جنگل کا صفایا کرتے ہوئے دیار کے سیکڑوں قیمتی درخت کاٹ دیئے۔ سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے مشرق کو بتایا کہ وہ چند روز قبل انکار سے جانشی بانڈہ تک ہائیک پر گئے تھے، جہاں تمام راستے میں ٹمبر مافیا نے سیکڑوں کی تعداد میں درخت کاٹے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کاٹے گئے درختوں اور جنگل کی ویڈیو بھی بنائی ہے۔
اس علاقہ میں ٹمبر مافیا دن رات درختوں کی کٹائی کرتا ہے اور پھر ان درختوں کے سلیپر بنا کر سمگل کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ڈویژنل فارسٹ آفیسر کالام محمد صدیق نے مشرق کو بتایا کہ جانشئی بانڈہ میں ایسے حالات نہیں ہیں۔ جہاں بھی درختوں کی کٹائی ہوتی ہے، تو متعلقہ اہلکار بروقت ان کو بتاتے ہیں۔ ان افراد کے خلاف فارسٹ آرڈیننس کے تحت کارروائی کی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، 19 مئی عزہ ملین مارچ کی قیادت امیر حافظ نعیم الرحمان کریں گے