خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں شدید بارش، پشاور میں سڑکیں زیر آب

ویب ڈیسک:خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول پشاورمیں موسلادھار بارش کی وجہ سے درجہ حرارت کئی سینٹی گریڈ کم ہوگیا ہے شہری علاقوں بشمول پشاور کی سڑکیں زیر آب آگئیں اور نشیبی علاقوں میں گلی محلوں میں پانی جمع ہوگیا محکمہ موسمیات کے مطابق آج پیر کے روز بھی مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے واضح رہے کہ گذشتہ شام چترال، دیر،سوات، مانسہرہ، شانگلہ،بونیر، کوہستان، ایبٹ آباد،ہری پور، پشاور،باجوڑ، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ،کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں ،لکی مروت، وزیرستان اور کرم میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں پربارش ہوئی اس دوران پشاور میں ر نگ روڈ پل، حاجی کیمپ، جی ٹی روڈ، نشتر آباد، شیر شاہ سوری پل، ریلوے روڈ، صدر جی پی او، نوتھیہ، یونیورسٹی ٹائون اور حیات آباد میں سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیاجس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی
اس کے علاوہ بیرون شہر کے نشیبی علاقوں پھندوروڈ اور کوہاٹ روڈ پر بھی شدید بارش کی وجہ سے نکاس آب کے نالے گندگی کی وجہ سے ابل پڑے اور بارش کا پانی گلی محلوں میں جمع ہوگیا جبکہ بڑے پیمانے پر گھروں میں بھی گندا پانی داخل ہوا جس کو بعد ازاں شہریوں نے برتنوں کی مدد سے نکال دیا رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہر کے بعض بازاروں میں بارش کا پانی دکانوں میں بھی داخل ہوا جبکہ بی آر ٹی کی زیر زمین گزرگاہیں بھی زیر آب آئیں محکمہ موسمیات کے مطابق آج پیر کے روز بھی صوبہ کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی طورپرابرآلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر،سوات، مانسہرہ، شانگلہ،بونیر، کوہستان، ایبٹ آباد،ہری پور، پشاور، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں ، وزیرستان اور کرم میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیاہے اتوار کے روز سب سے زیادہ بارش بنوں میں 70 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، مالم جبہ اورپٹن میں 6 ملی میٹر ،بالاکوٹ میں 2ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، مختلف علاقوں سے کم عمر بچے غائب ہونے لگے