بھتہ خوری،ٹارگٹ کلنگ،افغان باشندوںکے ملوث ہونے کاانکشاف

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں افغان باشندوں کے ملوث ہونے کے شواہد مل گئے ہیں۔ اس حوالہ سے ڈیٹا افغان حکومت کو فراہم کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی پولیس نے مختلف چھاپوں کے دوران سیاسی رہنمائوں سمیت دیگر افراد سے بھتہ مانگنے والے افغان باشندے سمیت2بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا جو افغانستان سے وٹس ایپ کے ذریعے کالز کرتے تھے۔ اسی طرح پشاور میں مذہبی رہنمائوں و اقلیتی برادری سمیت پولیس ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 4 افغان سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران سی ٹی ڈی فنانسنگ یونٹ کے ڈی آئی جی عمران شاہد نے کہا کہ گرفتار بھتہ خور فیض اللہ ساکن امبار مہمند اور سعید اللہ ساکن افغانستان حال گرین ٹائون لاہور کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جو افغانستان کے نمبر سے واٹس ایپ کال کرتے تھے۔
سعید اللہ کو لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ یہ گروہ بھتہ نہ دینے کی صورت میں دھمکی آمیز پیغامات کرتے تھے ۔ ملزموں کیخلاف 28تحریری شکایات درج ہیں جن میں 13مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ گروہ لوگوں پر دستی بم اور فائرنگ سے حملے کرتے جن میں 2افراد جاں بحق اور5خاندان متاثرہو چکے ہیں۔ نیٹ ورک میں تقریبا100افراد شامل ہیں جن میں 70پاکستانی ہیں جن کی نشاندہی ہو چکی ہے۔ بھتہ خوروں نے ایک سابق سینیٹر و سابق ایم پی اے کو بھی بھتہ کی کال کی تھی۔ ملزم واٹس ایپ کے 10گروپ افغانستان سے آپریٹ کر رہے ہیں ۔ ڈی آئی جی عمران شاہد نے مزید بتایا کہ یہ گروہ زیادہ تر مہمند میں کارروائیاں کرتے تھے۔
بھتہ خوری میں ملوث افغان و پاکستانی باشندوں کا ڈیٹا وزارت خارجہ کے ذریعے افغان گورنمنٹ کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔ گروہ سے موبائل فونز، مختلف کاروباری حضرات کی وزٹنگ کارڈز بھی برآمد کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم فیض اللہ کالعدم تنظیم کے کمانڈر بلال کا چچا زاد بھی ہے ۔ کمانڈر بلال کے ذریعے لوگوں کو دھمکی آمیز کالز کی جاتی ہیں ۔ فیض اللہ کمانڈر بلال اور کمانڈر قاسم کیلئے سہولت کاری اور معلومات فراہم کر تا تھا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ باڑہ میں 1 پولیس کانسٹیبل اور ایک پرائیویٹ اہلکار بھتہ خوری کے الزام میں گرفتار ہیں جن کیخلاف انکوائری بھی جاری ہے۔ ۔ادھر ایک دوسری کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی پشاورپولیس نے کالعدم تنظیم کے سہولت کاروں محمد رحیم ، صالح محمد ،راز محمد ساکنان سیفن بڈھ بیراورشاہدساکن پھندو سبزی منڈی کو سیفن چوک بڈھ بیر سے گرفتار کرلیا ۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا:بھتہ خوری میں ملوث دہشت گردوں کا بڑا نیٹ ورک گرفتار