ایف آئی اے نے سائفرکیس کی بندکمرہ میں سماعت کی درخواست کردی

ویب ڈیسک: سائفر کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ان کیمرہ کرنے کی درخواست دائر کردی ہے۔ متفرق درخواست ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر شاہ خاور کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کی متفرق درخواست آج پیر کے روز سماعت کے لیے مقرر کردی۔ چیف جسٹس عامر فاروق ایف آئی اے کی متفرق درخواست پر سماعت کریں گے۔ سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت بھی آج سماعت کیلئے مقرر ہے۔
خیال رہے کہ عمران خان ان دنوں سائفر کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ شدہ فیصلہ سنانے کی کاز لسٹ جاری کر دی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ آج سنایا جائے گا۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری فیصلہ سنائیں گے۔ سیشن کورٹ اور انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم پیروی پر ضمانتیں خارج کی تھیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 9 ضمانت کی درخواستیں متعلقہ عدالتوں میں زیر التوا سمجھی جائیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ ان 9 مقدمات میں متعلقہ عدالتوں کے حتمی فیصلے تک گرفتاری سے روکا جائے اور متعلقہ عدالتوں کو 9 مقدمات کے فیصلے میرٹ پر کرنے کی ہدایت کی جائے۔ واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف 9 مئی اور اسلام آباد میں احتجاج کے 3-3، توشہ خانہ جعلی سازی، دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور اقدام قتل کا مقدمہ شامل ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا میں رواں سال کا پہلا پولیو کیس رپورٹ،وزیراعلیٰ کا نوٹس