سنٹرل جیل میں قیدیوں کی انتظامیہ کے خلاف بھوک ہڑتال

ویب ڈیسک: سنٹرل جیل پشاور کے بعض قیدیوں نے انتظامیہ کے مبینہ نامناسب رویے کے خلاف بھوک ہڑتال کردی ہے ۔ جیل انتظامیہ کے مطابق منشیات کی سمگلنگ میں ملوث قیدیوں کو دوسرے قیدیوں سے الگ بیرک میں رکھنے پر احتجاج کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سنٹرل جیل پشاور میں بعض قیدیوں نے بھوک ہڑتال کردی۔
بھوک ہڑتال حوالاتی امتیاز اور حمید کے ساتھ انتظامیہ کے مبینہ نامناسب رویہ پر کی جارہی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ سیشن احاطہ بلاک میں متعدد قیدی احتجاج بھی کر رہے ہیں ۔ دوسری جانب سپرنٹنڈنٹ جیل پشاور محمد وسیم خان کا موقف سامنے آیا ہے کہ جیل میں 2600 سے زیادہ حوالاتی ہیں جن میں 15 یا 16قیدیوں نے بھوک ہڑتال کر رکھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیشن احاطہ بلاک میں منشیات میں ملوث حوالاتیوں کو الگ رکھا گیا ہے جس کے خلاف ردعمل دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھوک ہڑتال سے کسی بھی قیدی کی حالت خراب نہیں ہوئی ہے، ایسے معاملات معمول کا حصہ ہیں۔ واضح رہے کہ جیل میں تقریبا 4000 قیدی ہیں اور اکثر مختلف قسم کی شکایات سامنے آتی رہتی ہیں۔

مزید پڑھیں:  بلاول بھٹو 73کا آئین ختم کرنے کی سازش میں شریک ہیں،اسد قیصر