سونا ساڑھے15ہزارروپے فی تولہ سستا، ڈالر280 روپے کا ہو گیا

ویب ڈیسک:سونے کا بھائو12ستمبر کے بعد منگل کے روز پہلی مرتبہ جاری کر دیا گیا ہے۔ جس کے مطابق فی تولہ قیمت 15500 روپے کم ہوگئی ہے۔ آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق اس کمی کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 1لاکھ 99ہزار 500روپے ہوگئی۔ ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 13 ہزار 546روپے کم ہوکر 1لاکھ71ہزار 39 روپے ہوگئی۔ دوسری جانب عالمی صرافہ میں سونے کا بھائو 55 ڈالر کم ہوکر 1856 ڈالر فی اونس ہے۔
ادھر امریکی ڈالر کی قدر میں لمبی اڑان کے بعد گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے کمی کا سلسلے جاری ہے۔ منگل کو انٹر بینک میں ڈالر 1 روپے 5 پیسے سستا ہونے کے بعد 280 روپے 60 پیسے کا ہو گیا۔ انٹر بینک میں پیر کے روز ڈالر 281 روپے 65 پیسے پر بند ہوا تھا۔ ادھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے سستا ہونے کے بعد 280 روپے کا ہو گیا۔
دریں اثناء پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو کاروبار کا ملے جلے رجحان کے ساتھ آغاز ہوا تاہم بعد میں یہ مثبت رجحان میں تبدیل ہو گیا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 405 پوائنٹس کے اضافے سے 48 ہزار 127 کی بلند سطح پر آ گیا۔ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 47 ہزار 721 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

مزید پڑھیں:  پارلیمان کا قانون سازی کا اختیار آئینی حدود کے تابع ہے،سپریم کورٹ