خیبرپختونخوا میں بارشوں کے نئے سلسلہ کی پیشگوئی

ویب ڈیسک:خیبر پختونخوا کے تمام 36 اضلاع میں آج سے چار روز تک شدید بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی پر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہر قسم کے نقصانات سے بچنے کیلئے پیشگی انتظامات کرنے کیلئے الرٹ جاری کردیا گیا ہے محکمہ موسمیات کی جانب سے موسم کی تازہ صورتحال سے متعلق اطلاعات کی روشنی میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری مراسلہ کے مطابق آج 13 اکتوبر کی شام کو مغرب سے بارش برسانے والے سسٹم کے داخل ہونے اور کل 14 اکتوبر کو بالائی اوروسطی حصوں میں پھیلنے کا امکان ہے
جس کی وجہ سے چترال لوئر اور چترال اپر، دیر بالا اور دیر زیریں، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ اور کوہستان میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ شدید بارش متوقع ہے جبکہ اپر کوہستان، لوئر کوہستان اور ضلع کولائی پالس، ایبٹ آباد، ہری پور، تورغر، بٹگرام، صوابی، خیبر، مہمند، باجوڑ، پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، کرم، کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی، بنوں، کرک، لکی مروت، ٹانک، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آج سے سترہ اکتوبر کے درمیان وقفے وقفے کے ساتھ بارش ہوگی
مراسلہ کے مطابق اس دوران اونچے پہاڑی سلسلوں پر برف باری اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے جبکہ بھاری پانی گرنے سے مقامی نالوں اور ندیوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے اور اس دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے کمزور علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے بارش کے نئے سلسلے سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوسکتی ہے مراسلہ کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو کسانوں اور مقامی لوگوں کوپیشگی انتظامات کیلئے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کیلئے بھی گائیڈ لائنز جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  پیجر دھماکے انسانی حقوق کے عالمی قانون کی خلاف ورزی قرار