صوبہ کواخراجات اور آمدن میں 79ارب 11کروڑکمی کا سامنا

ویب ڈیسک:خیبر پختونخواحکومت کو نومبر سے فروری تک اپنے اخراجات پورے کرنے کیلئے 79ارب روپے سے زائد کی کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس کو پورا کرنے کیلئے صوبائی حکومت نے وفاق سے بقایاجات کی ادائیگی کی کوششیں تیز کرنے کی حکمت عملی مرتب کی ہے ۔ محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کے مطابق نومبر، دسمبر ، جنوری اور فروری میں وفاق سے قابل تقسیم محاصل اور دہشتگردی کیخلاف جنگ کی مد میں 298ارب 38کروڑ16لاکھ 40ہزار روپے ملنے کی توقع ہے
اسی طرح پن بجلی خالص منافع کی مد میں 27ارب 32کروڑ3لاکھ 70ہزار، صوبے کی اپنی آمدن کی مد میں 28ارب 33کروڑ33لاکھ 30ہزار جبکہ ضم اضلاع کے فنڈز کی مد میں 42ارب 26کروڑ34لاکھ 30ہزار روپے ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق مختلف ذرائع سے صوبے نے 53ارب 70کروڑ57لاکھ 80ہزار روپے کی آمدن کا تخمینہ لگایا ہے۔ مجموعی طور پر ان چار ماہ میں 450ارب 45لاکھ 50ہزار روپے کی آمدن ہوگی دوسری جانب اخراجات کی مد میں چار ماہ کا تخمینہ 529ارب 11کروڑ80لاکھ روپے لگایا گیا ہے
اس طرح صوبے کو یہ اخراجات پورے کرنے کیلئے 79ارب 11کروڑ35لاکھ روپے کمی کا سامنا ہے محکمہ خزانہ ذرائع کے مطابق اخراجات اور آمدن کے اس فر ق کو ختم کرنے کیلئے وفاق سے بقایاجات کی ادائیگی کی کوششیں تیز کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:  پشاور : ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ شروع ، امتحانی مراکز کے گردو نواح میں دفعہ 144نافذ