مہلت ختم، غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف کریک ڈاون شروع

ویب ڈیسک: غیر قانونی طور پر آباد تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ، پشاور اور لنڈی کوتل میں عارضی کیمپ قائم کر دیئے گئے جبکہ دوسری طرف آج بھی غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا ملک سے انخلاء جاری ہے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے دی گئی ڈیڈلائن کے آخری دن بڑی تعداد میں افغانی طورخم کے راستے افغانستان واپس چلے گئے۔
آج یکم نومبر سے خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی طور پر آباد تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں پشاور اور لنڈی کوتل میں عارضی کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ جہاں پر غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افراد کو گرفتار کر کے قانونی تقاضوں کے بعد واپس اپنے ملکوں کو بھیجا جائے گا۔
اس سلسلے میں پشاور میں سپیشل کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس میں پولیس، کسٹمز، نادرا اور ایف آئی اے کے نمائندے غیر قانونی طور پر آباد افراد کے کوائف جمع کریں گے۔
ضلع خیبر میں قائم عارضی کیمپ میں عارضی رہائش کے لئے سہولیات مہیا کی گئی ہیں جن میں رجسٹریشن کے طریقہ کار، طبی امداد، رہائش اور خوراک کی فراہمی شامل ہے۔ یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں 22 اکتوبر سے اب تک 52 ہزار سے زائد غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا چکا ہے۔

مزید پڑھیں:  ترک صدر کا رواں ماہ کے آخر میں دورہ پاکستان کا امکان