ضلع کرم میں جھڑپیں جاری، مزید 6 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک: ضلع کرم میں قبائل کے مابین جھڑپیں 9 ویں روز میں داخل ہو گئی ہیں جس میں مجموعی طور پر 30 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ زخمیوں کی تعداد 60 سے اوپر ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حالیہ جھڑپوں میں مزید 6 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ضلع کرم کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 9 روز سے دو قبائل کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جس نے خونیں صورت اختیار کر لی۔ پولیس کے مطابق گزشتہ رات جھڑپوں میں مزید 6 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جھڑپوں میں قبائل ایک دوسرے کے خلاف بھاری اور خود کار ہتھیار استعمال کر رہے ہیں جس سے پورے علاقے میں خوف پھیل گیا ہے۔ جھڑپوں کے باعث علاقے میں آمدورفت، تعلیمی ادارے، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس مکمل طور پر بند ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جرگے کی کامیاب کوششوں کی بدولت صدا اور بالش خیل قبائل کے درمیان فائربندی ہو گئی ہے جبکہ مزید 8 علاقوں میں فائر بندی کے لیے جرگہ، ضلعی انتظامیہ اور فورسز کی کوششیں جاری ہیں۔

مزید پڑھیں:  بانی پی ٹی آئِی کی ویڈیو لنک پیشی کیلئے انتظامات مکمل