عام انتخابات 8 فروری کو ہونگے، صدر مملکت اور الیکشن کمیشن متفق

ویب ڈیسک: ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو کرانے کا فیصلہ، ذرائع کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے مابین عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق ایوان صدر اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے وفد کے ہمراہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیف الیکشن کمشنر نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ الیکشن 8 فروری 2024ء کو منعقد ہوں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر چیف الیکشن کمشنر نے چار اراکین کے وفد کے ہمراہ ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں اور انتخابات کے حوالے سے کی گئی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جس کے بعد اجلاس میں متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا گیا ۔
یاد رہے کہ اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر نے صدر مملکت کو عام انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے خط لکھا تھا اور 11 فروری کو عام انتخابات کی تجویز دی تھی۔

مزید پڑھیں:  مریم نواز نے ایلیٹ فورس کا سہرا بھی نواز اور شہباز کے سر باندھ دیا