گیس کی قیمت میں172 فیصد کا بڑا اضافہ،نوٹیفکیشن جاری

ویب ڈیسک: عوام پر بجلیاں گرانے کے بعد وفاق نے گیس کی قیمت میں اضافہ کر کے ان پر ایک اور بوجھ ڈال دیا۔ ذرائع کے مطابق بجلی کے بعد گیس بھی مہنگی کر کے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی گئی۔ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر سے ہو گا.
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 172 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ماہانہ 25 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کےلیے نرخوں میں سو روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے، ماہانہ 25 مکعب میٹر استعمال کرنے والے گیس صارفین کے لیے قیمت 200 سے بڑھا کر 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔
ماہانہ 60 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے نرخوں میں 300 روپے، 100 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے نرخ میں 600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کر دیا گیا۔
اوگرا کے فیصلے کے مطابق ماہانہ 150 مکعب میٹر گیس کے استعمال پر اس کی قیمت 600 سے بڑھا کر 1200، 200 مکعب میٹر صارفین کے لیے نرخوں میں 800 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے، ماہانہ 200 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والے صارفین کیلئے گیس کی قیمت ڈبل کرتے ہوئے 800 سے بڑھا کر 1600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 300 مکعب میٹر گیس استعمال کرنے والوں کے لیے 1900 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے اس حساب سے ان کیلئے گیس کی قیمت 1100 سے بڑھ کر 3000 روپے کر دی گئی۔

مزید پڑھیں:  رستم، عارضی تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع، کئی تھڑے مسمار