غزہ میں لڑائی جاری،5اسرائیلی ہلاک،کئی ٹینک تباہ،ایندھن نہ ہونے سے ہسپتال غیر فعال

ویب ڈیسک:حماس اور اسرائیل کے مابین گزشتہ ایک ماہ سے بھی زائد عرصے سے جاری لڑائی اب شمالی غزہ میں الشفا ہسپتال کے قریبی علاقوں میں شدت اختیار کر گئی ہے۔ اس صورت حال کے نتیجے میں غزہ کے اس سب سے بڑے ہسپتال میں دوائیوں اور دیگر ضروری اشیاء کی رسد ختم ہو گئی ہے۔غزہ کا دوسرا بڑا اسپتال القدس بھی ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے غیر فعال ہوگیا۔ ہلال احمر فلسطین کے مطابق الشفا کے بعد غزہ کا دوسرا بڑا اسپتال القدس ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے غیر فعال ہوگیا۔
ترجمان ہلال احمر فلسطین کا کہنا ہے کہ طبی عملہ بد ترین حالات میں زخمیوں کے علاج کی کوشش کر رہا ہے، دوا، پانی، کھانے سے محروم اسپتالوں میں صورتحال بھیانک ہوچکی ہے۔ دوسری جانب غزہ کے اسپتالوں پر اسرائیل کے حملے جاری ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کے خان یونس اسپتال پر اسرائیلی حملے میں 13 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ بمباری سے آس پاس کے مکانات بھی ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ حماس کے زیر انتظام غزہ کی پٹی میں وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ جنریٹر بند ہونے کے بعد ہسپتال میں چھ مریض دم توڑ گئے۔ادھر حماس نے اسرائیل کے 25 سے زیادہ ٹینکوں اور بلڈوزروں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے
شمالی غزہ میں پانچ اسرائیلی فوجی مارے گئے۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ حماس شمالی غزہ کا کنٹرول کھو چکی ہے، تین دن میں تقریبا دو لاکھ افراد جنوب کی طرف چلے گئے، شمالی غزہ میں اسرائیل کے چار فوجیوں کو ٹنل میں ٹریپ کرکے ہلاک کیا گیا، اسرائیلی طیاروں نے شام میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔شہدا کی تعداد 11 ہزار ایک سو سے بڑھ گئی، 27 ہزار 500 سے زائد زخمی ہوگئے ۔اسرائیلی وزیراعظم نے ایک بار پھر غزہ پر قبضے کا ارادہ ظاہر کردیا، جنگ بندی کے بڑھتے ہوئے مطالبات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل جنگ کے بعد غزہ کا سیکیورٹی کنٹرول اپنے ہاتھ میں رکھے گا۔
ادھر حماس کے رہنما خالد مشعل کا کہنا ہے کہ کفارغزہ کے مسلمانوں کے خاتمے کے لیے یکجا ہو چکے ہیں، عرب وعجم ہماری حمایت کے لیے کھڑے ہوں۔حماس رہنما خالد مشعل غزہ کی موجودہ صورتحال کی منظر کشی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کفارغزہ کے مسلمانوں کے خاتمے کے لیے یکجا ہوگئے ہیں، فلسطین میں مساجد، مدارس، اسپتال سب جگہوں پر بمباری ہورہی ہے۔رہنما حماس نے کہا کہ عرب وعجم کو چاہیے کہ وہ ہماری حمایت کے لیے کھڑے ہوں، ہماری بجلی وگیس بند ہے، ہمیں دواں اورخوراک کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:  الیکشن کمشنر سندھ سمیت تین افسران نااہلی اور بدنظمی پر معطل