کویت پاکستان میں10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر ے گا

ویب ڈیسک:نگراں وفاقی کابینہ نے پاکستان میں کویت کی جانب سے 7منصوبوں میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی منظوری دے دی ہے۔نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ کابینہ نے پاکستان اور کویت کے مابین سرمایہ کاری کے لیے 7 مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی جن پر وزیر اعظم کے دورہ کویت کے دوران دستخط کئے جائیں گے۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کوششوں کے نتیجے میں کویت پاکستان میں مختلف شعبوں کے 7 منصوبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرے گا۔
ان منصوبوں میں آبی ذخائر کی توسیع، کان کنی کی سہولیات، ساحلی علاقوں کیلئے تمر ( مینگروز ) کے جنگلات کی حفاظت اور توسیع، آئی ٹی کے شعبے اور تحفظ خوراک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبے شامل ہیں۔ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل اور متعلقہ وزارتوں کی اس حوالے سے کوششوں کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی سطح پر دستخط ہونے والی ان مفاہمتی یادداشتوں میں صوبوں کے ساتھ تعاون یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں کی تکمیل جلد اور شفاف طریقے سے ہوسکے۔
وفاقی کابینہ نے 14 نومبر، 2023ء کو منعقد ہونے والے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی امور (CCLC) کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ وفاقی کابینہ نے 15 نومبر، 2023ء کو منعقدہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔

مزید پڑھیں:  پشاور: لاہور جلسے کے لئے خیبر پختونخوا کے وزراء اور کارکنوں کی تیاریاں جاری