سائفر کیس

سائفر کیس:عمران خان نے ان کیمرہ سماعت کا حکم چیلنج کردیا

ویب ڈیسک :تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے سائفر کیس کی ان کیمرہ سماعت کا ٹرائل کورٹ کا حکم ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں کہا گیا ہے کہ سائفر عدالت کا 14 دسمبرکا حکم نامہ اسلام آبادہائیکورٹ کے 21 نومبر کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے، عدالت نے اپنے حکم میں سائفرکیس کی رپورٹنگ پربھی پابندی عائد کردی جو خلاف آئین ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی، انصاف کو صرف ہونا نہیں بلکہ ہوتا دکھائی دینا چاہیے اس لیے انصاف کے تقاضے پورےکرنے کے لیے عوام اور میڈیا کی موجودگی میں اوپن ٹرائل ضروری ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ کا 14دسمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور اس درخواست کے فیصلے تک ٹرائل کورٹ کو مزید کارروائی سے روکا جائے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان ایشین والی بال کا چمپئن بن گیا