پشاور ہائیکورٹ کا مشتاق غنی کو پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم

ویب ڈیسک: سابق صوبائی سپیکر مشتاق غنی کی جانب سے پاسپورٹ کے اجراء اور حفاظتی ضمانت کے حوالے سے دائر درخواست پر پشاور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔
سماعت جسٹس کامران حیات میانخیل نے کی۔ انہوں نے وفاقی وزارت داخلہ اور پاسپورٹ آفس کو درخواست گزار کو پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دیدیا۔
وکیل درخواست گزار علی عظیم آفریدی ایڈوکیٹ کا دوران سماعت دلائل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ درخواست گزار سپیکر صوبائی اسمبلی ہے، پاسپورٹ کے لئے اپلائی کیا ہے۔ ارجنٹ پاسپورٹ فیس بھی جمع کرائی جا چکی ہے۔ اس کے باوجود پاسپورٹ جاری نہیں کیا جا رہا۔
دوران سماعت جسٹس کامران حیات میانخیل نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کہاں پر ہے۔؟ وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ وہ لندن میں ہیں۔ ان کا پاسپورٹ ایکسپائر ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ درخواست کو پاسپورٹ جاری کیا جائے گا تو ہی وہ واپس آ سکیں گے۔ اس کے علاوہ درخواست گزار کو عبوری ضمانت دی جائے تاکہ واپسی پر انہیں گرفتار نہ کیا جائے۔
بعد ازاں پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ اور پاسپورٹ آفس کو درخواست گزار کو پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی گئی۔

مزید پڑھیں:  عمران خان نے کہا ہے کہ معافی ان سے مانگی جائے،بیرسٹر گوہر