پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین

پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین چھوڑنے والوں کی لائنیں لگ گئیں

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کیلئے آغاز کیساتھ ہی مشکلات شروع ہوگئیں چند ماہ قبل بننے والی پارٹی سے لوگوں نے کوچ کرنا شروع کر دیا جبکہ آئندہ چند روز میں مزید کئی نام بھی پارٹی چھوڑنے کیلئے پر تول رہے ہیں۔
گزشتہ برس 17جولائی کو سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اپنی نئی جماعت کی بنیاد رکھی اور پاکستان تحریک انصاف سے راہیں جدا کرلیں۔
پرویز خٹک نے اس روز سے اب تک درجنوں شمولتیں کرلی ہیں اور آئے روز وہ لوگوں کو جماعت میں شامل کررہے ہیں،
تاہم وقت گزرنے کیساتھ ساتھ اب ان کیلئے مشکلات بھی پیدا ہونا شروع ہوگئی ہیں، سب سے پہلے دسمبر کے آغاز میں ڈی آئی خان کے سابق ضلع ناظم نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین میں صرف ایک دن قیام کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
سابق ضلع ناظم ڈی آئی خان عزیزاللہ علیزئی نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کر کے شمولیت کی تھی۔
ٹانک سے قومی اسمبلی کے امیدوار اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے رہنما محمد رمضان شوری بھی زیادہ عرصہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے ساتھ نہ چل سکے اور تین روز قبل سعد رضوی کیساتھ ملاقات کے بعد تحریک لبیک پاکستان میں شامل ہوگئے۔
پی ٹی آئی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی آغاز خان گنڈاپور بھی چند ہفتے ہی پرویز خٹک کیساتھ گزار سکے اور دو روز قبل ڈی آئی خان میں مولانا فضل الرحمن کیساتھ ملاقات کے بعد جمعیت علماءاسلام میں شامل ہوگئے ذرائع کے مطابق جمعیت نے جنوبی اضلاع میں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے دیگر کئی رہنماﺅں کیساتھ بھی ملاقات کی ہے اور معاملات طے ہونے کے قریب ہیں جس کے بعد وہ بھی پارٹی کو خیر باد کہہ دیں گے۔

مزید پڑھیں:  اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولردرگئی معطل، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مالاکنڈکی خدمات واپس