خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم شروع، سیکورٹی کے سخت انتظامات

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں، نوشہرہ، کوہاٹ اور دیگر علاقوں میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہو گئی ہے۔ اس دوران فول پروف سیکورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
ضلع بنوں کی 54 یونین کونسلوں میں 12جنوری تک جاری رہنے والی 5 روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر 274585 بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
خصوصی پولیو مہم کو موثر انداز میں چلانے کے لیے تربیت یافتہ ہیلتھ ورکرز پر مشتمل 1340 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 1186 موبائل ٹیمیں، 69 فکسڈ ٹیمیں، 85 ٹرانزٹ ٹیمیں اور رومینگ ٹیمیں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ضلع بنوں انسداد پولیومہم کے دوران پولیس کے تعاون سے سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ بنوں میں مطالبات نظر انداز کرنے پر پولیو مہم سے بائیکاٹ بھی کیا گیا ہے۔ ان بائیکاٹ کرنے والوں کیساتھ ضلعی انتظامیہ اور پولیو حکام کی جانب سے مزاکرات جاری ہیں۔
ضلع نوشہرہ بھی آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں جاری انسداد پولیو مہم کے دوران 332368 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کیلئے سیکورٹی معاملات سمیت تمام تر انتظامات مکمل کر لئَے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تربیت یافتہ پولیو ورکرز پر مشتمل 1416 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائِں گے۔
ضلع کوہاٹ میں انسداد پولیو مہم کے دوران 2 لاکھ 19 ہزار سے زائد 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ضلع کوہاٹ میں جاری انسداد پولیو مہم کیلئے مجموعی طور پر 927 موبائل، 84 فکسڈ اور 35 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:  غزہ جنگ بندی میں کوئی فریق بھی دلچسپی نہیں رکھتا، گوتریس