خیبر پختونخوا اسمبلی

خیبر پختونخوا اسمبلی کے دروازے ایک سال بعد کھل گئے

ویب ڈیسک:خیبرپختونخوا اسمبلی کے دروازے ایک سال کے بعدایک مرتبہ پھر کھل گئے ہیں اور اگلے متوقع پانچ سال کیلئے12ویں اسمبلی وجود میں آگئی ہے ۔
گزشتہ روز اسمبلی کا پہلا اجلاس تھا لیکن زیادہ تعداد میں لوگوں کی موجودگی کی وجہ سے یہ اجلاس بد نظمی اور تاخیر کا شکار رہا اجلاس میں منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایامجموعی طور پر116ارکان نے حلف لیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے سینکڑوں کی تعدادمیں کارکن موجود تھے اور نعرے لگائے، کارکنوں کے ساتھ ساتھ نومنتخب ایم پی ایز اور نامزد وزیراعلیٰ نے بھی بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے لگائے ۔
اپوزیشن جماعتوں کے حمایتی افراد کی بھی بڑی تعداد گیلریوں میں موجود تھی اس لئے دونوں طرف سے نعرے بازی ہوئی جس سے اسمبلی ہال میں کان پڑی آوازسنائی نہیں دے رہے تھی ۔
واضح رہے کہ صوبائی اسمبلی کا اجلاس بدھ کے روزگیارہ بجے شیڈول کیاگیا تھالیکن رش کی وجہ سے اسمبلی کے ممبران تاخیرسے پہنچے اور اجلاس بھی تاخیرسے شروع ہوا سپیکر مشتاق احمد غنی نے تمام ممبران سے حلف لیاجس کے بعد اپنے حلقوں کے حساب سے ممبران اسمبلی نے رجسٹرپر دستخط کئے ۔
بعد ازاں صوبائی اسمبلی کا اجلاس کل صبح کے دس بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے کل جمعرات کے روز کے اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کیا جائے گا جس کیلئے سنی اتحاد کونسل اور اپوزیشن کے ممبران اسمبلی نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ہیں۔

مزید پڑھیں:  توشہ خانہ تحائف لینے والا اپنے پاس نہیں رکھے گا، قوانین میں ترامیم منظور