سرفراز بگٹی

سرفراز بگٹی بلامقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے منتخب رکن صوبائی اسمبلی سرفراز بگٹی بلامقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوگئے۔
سپیکر بلوچستان اسمبلی کے مطابق سرفراز بگٹی کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی نہیں جمع کرائے تھے جس پر وہ بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔
سرفراز بگٹی کل بطور وزیراعلیٰ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عبدالخالق اچکزئی اسپیکر اور پیپلز پارٹی کی امیدوار ڈپٹی اسپیکر غزالہ بلامقابلہ منتخب ہوگئے تھے۔
بلوچستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی 1981 میں صوبے کے مشہور قبائلی سیاسی رہنما میر غلام قادر بگٹی کے ہاں پیدا ہوئے اور لارنس کالج مری سے اپنی تعلیم مکمل کی۔
سرفراز بگٹی کے والد مرحوم میر غلام قادر بگٹی نے 1988 میں پاکستان پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی اور اپنی تمام زندگی پی پی پی کے پلیٹ فارم سے سیاسی جدوجہد کرتے رہے اور اسی وجہ سے سابق فوجی حکمران جنرل پرویز مشرف کے دور میں زیر عتاب بھی رہے۔
نومنتخب وزیراعلیٰ بلوچستان 2013 میں پہلی بار رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے اور صوبائی وزیر داخلہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، سرفراز بگٹی نے سابق وزرائے اعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ اور نواب ثنا اللہ زہری کی صوبائی حکومتوں میں بحیثیت وزیر داخلہ اپنی خدمات پیش کیں۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا :گریڈ 20کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر شوکت دوبارہ معطل