کم عمر بچیوں کی شادیوں

کم عمر بچیوں کی شادیوں سے متعلق قانون پر عملدرآمد کا حکم

ویب ڈیسک: لاہور ہائیکورٹ نے کم عمر بچیوں کی شادیوں سے متعلق قانون پر عملدرآمد کا حکم جاری کردیا ہے ۔
عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی، عبوری تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ 4 مارچ کو بطور کمیٹی سربراہ اجلاس کی صدارت کریں۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ کمیٹی میں آئی جی پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شرکت کو یقینی بنائیں، چیئرمین یونین کونسل فوری طور پر کم عمر بچیوں کا نکاح کینسل کرے گا، اگر کوئی کم عمر شادی رجسڑ ہوئی تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
جسٹس انوار الحق پنوں نے رمضانہ بی بی کی درخواست پر عبوری تحریری حکم جاری کر دیا، ڈی جی لوکل گورنمنٹ نے اپنی تجاویز پیش کیں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ تحصیل کی سطح پر ہر ماہ یونین کونسل کا ریکارڈ چیک کریں گے۔
پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کم عمر بچیوں کی شادی سے متعلق کیسز کے چالان کے حوالے سے رپورٹ پیش کی، رپورٹ میں پراسکیوٹر جنرل پنجاب نے کہا کہ متعلقہ ایشو کو دیکھتے ہوئے چالانوں کی تیاری کے حوالے سے سہولت سینٹر قائم کر دیئے ہیں۔
عدالت نے تحریری حکم میں کہا کہ بہت سے ایسے مسائل ہیں جن کا تدارک ضروری ہے۔
عدالت نے کم عمر میں شادی کرنے والی حریم کو بیان کی روشنی میں خالہ کے ساتھ بھجوا دیا۔

مزید پڑھیں:  غربت خاتمے کے پروگرام کوتوسیع دی جائے،آئی ایم ایف