تعاون کی یقین دہانی

وزیراعظم کی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو تعاون کی یقین دہانی

ویب ڈیسک: وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کے درمیان پہلی ملاقات ،شہباز شریف نے مطالبات حل کرنے سمیت تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔
وزیراعظم ہائوس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کے درمیان ایک گھنٹے سے زائد طویل ملاقات ہوئی ،وزیراعظم نے وزیراعظم ہائوس آمد پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزرا احسن اقبال ،امیر مقام اور اعلی سرکاری افسران بھی موجود تھے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیراعظم کو صوبے کے انتظامی امور سے تفصیلی آگاہ کیا۔
ملاقات کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزیراعظم سے تمام امور پر مثبت انداز میں بات چیت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مالی مشکلات سے آگاہ کیا، ایسا کوئی مطالبہ نہیں کریں گے جو وفاقی حکومت کے لیے نا ممکن ہو، وزیراعظم نے یقین دلایا کہ صوبے کے واجبات ادا کریں گے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا معاملہ بھی اٹھایا، میں نے بتایا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کرنی ہے، وزیراعظم نے یقین دلایا کہ میری جلد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ صوبے نے آپ کو مینڈیٹ دیا ہے، شہاب خان کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا جو ٹیم لانا چاہیں لائیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمارے خط کا مطلب یہ نہیں تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کو رقم ادا نہ کرے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی وزیراعظم سے ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہیں، وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں امن و ترقی کے لیے ہرممکن کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاست اپنی اپنی مگر ریاست سانجھی ہے، وزیراعظم نے انہی جذبات کا اظہار کیا جو علی امین گنڈاپور نے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے واجبات کی ادائیگی کا یقین دلایا ہے اور آئی ایم ایف مذاکرات کے بعد واجبات پر اجلاس کا کہا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سحر اور افطار میں بجلی لوڈشیڈنگ کا معاملہ اٹھایا، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو سحر افطار میں بجلی فراہمی یقینی بنانیکی ہدایت کی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ وزیراعلی نے ان قیدیوں کا بھی ذکر کیا جن کے خلاف شواہد نہیں، وزیراعظم نے کہا کہ کسی کے خلاف ناانصافی نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں:  عوام کو بجلی کا جھٹکا، یونٹ 7 روپے مزید مہنگا ہونےکاامکان