ایڈوانس انکم ٹیکس عائد

آئی ایم ایف کی شرط:دکانداروں پر ایڈوانس انکم ٹیکس عائد

ویب ڈیسک: حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر عملدرآمد کرتے ہوئے 6 بڑے شہروں میں دکانداروں پر ایڈوانس انکم ٹیکس عائد کردیا ، سکیم کے یکم اپریل سے نفاذ کیلئے قانونی ضابطہ کار بھی جاری کردیا گیا۔
ایف بی آرکے نوٹیفکیشن کے مطابق سکیم کا دائرہ کار ریٹیلرز، ہول سیلرز، ڈیلرز، مینوفیکچررز کم ریٹیلرز، امپورٹر کم ریٹیلرز تک بڑھا دیا گیا ۔
سکیم کا نفاذ کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ اور پشاور میں کیا جائے گاجبکہ اسٹیک ہولڈرز کوسکیم سے متعلق تجاویز اور تحفظات کا اظہار کرنے کے لئے یسات یوم کا وقت دیدیاگیا ہے ۔
اسکیم کے تحت ہر تاجر ہر مہینے کی 15تاریخ تک ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس ادا کرنے کا پابند ہوگا، اگر تاجر کی آمدن انکم ٹیکس کی سطح سے کم ہوگی تو اس کو سالانہ 1,200 روپے بطور انکم ٹیکس ادا کرنے ہوں گے۔
وقت سے پہلے مکمل انکم ٹیکس اداکرنے والے تاجروں کو انکم ٹیکس میں 25 فیصد رعایت دی جائے گی، تمام سرگرمیاں ایک علیحدہ کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے تحت سرانجام دی جائیں گی، ٹیکس کا تعین تجارتی جگہ کے سالانہ کرایہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ یہ سکیم حکومت کے سیاسی عزم کا بھی ٹیسٹ کیس ہے، اگر چہ اس اسکیم کے نفاذ کا اعلان پہلے بھی کئی بار ہوچکا ہے، سب سے پہلے جنرل پرویز مشرف کے دور میں یہ سکیم پیش کی گئی تھی، لیکن یہ التواکا شکار رہی، نواز لیگی حکومت بھی اس کو عملی جامہ نہ پہنا سکی، تاہم اب اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل نے اس اسکیم پر عملدر آمد کا بیڑہ اٹھایا ہے۔

مزید پڑھیں:  جبالیہ میں حماس سے جھڑپ، 5 اسرائیلی فوجی ہلاک، 7 زخمی