خواجہ سراؤں کیلئے علاج معالجہ اور تدفین کا مسئلہ حل، ہدایات جاری

ویب ڈیسک: خواجہ سراؤں کیلئے علاج معالجہ اور تدفین سے متعلق وزیراعلیٰ نے اہم ہدایات جاری کر دیں۔
ذرائع کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے مابین گورنر ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی۔
اس دوران دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ خواجہ سراؤں کو تدفین اور علاج معالجہ کے حوالے سے مشکلات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دوران اجلاس وزیراعلی کی جانب سے صوبہ بھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں خواجہ سراؤں کیلئے علیحدہ کمرہ مختص کرنے اور انتقال کر جانیوالے خواجہ سراؤں کی تدفین کیلئے علیحدہ قبرستان کیلئے اراضی مختص کرنیکا فیصلہ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ خواجہ سراوں کے علاج معالجہ کیلئے محکمہ صحت کو ہدایات جاری کر دی گئیں جبکہ باقاعدہ اعلامیہ جلد جاری کر دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خواجہ سرا معاشرے اور حکومت کی توجہ کے مستحق ہیں۔ ان کے دیگر مسائل کے حل کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور مئیر پشاور حاجی زبیر علی نے وزیراعلٰی کے مذکورہ اقدامات کو قابل قدر قرار دیا۔

مزید پڑھیں:  انڈونیشیا میں آتش فشاں سے لاوا بہنے کے باعث درجنوں افراد ہلاک