وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

جنگ کے لئے کسی کا ساتھ نہیں دیں گے ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے واضح کیا ہے کہ ہم پر امن لوگ ہیں اور امن کے لئے سب کا ساتھ دینے کو تیار ہیں لیکن جنگ کے لئے کسی کا ساتھ نہیں دیں گے ۔
انٹر مدارس گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم سب مل کر دنیا کو پیغام دیں گے کہ ہم پر دہشتگردی کا جو الزام ہے وہ غلط ہے۔
مدارس کے بچوں کے ساتھ ساتھ خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں کے لئے اسپورٹس ایونٹ کا انعقاد خوش آئند ہے جس پر محکمہ اسپورٹس کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایونٹس کے انعقاد سے نئے ٹیلینٹ کو سامنے لانے میں بہت ذیادہ مدد ملے گی، مدارس کے بچے ہمارے بچے ہیں انہیں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم اور غیر نصابی سرگرمیوں کی سہولیات فراہم کرنا ہے، ہماری کوشش ہے کہ مدرسوں کے بچے بھی زیادہ سے زیادہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق مدرسوں کے بچوں کو دنیاوی تعلیم اور غیر نصابی سرگرمیوں کی سہولیات فراہم کی جائیں گی،ہمارے مدارس کے طلبا قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ ہم سب مل کر دنیا کو پیغام دیں گے کہ ہم پر دہشتگردی کا جو الزام ہے وہ غلط ہے، ہم پر امن لوگ ہیں اور امن کے لئے سب کا ساتھ دینے کو تیار ہیں ،جنگ کے لئے کسی کا بھی ساتھ دینے کو تیار نہیں۔
خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے،کھیلوں کے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اسپیشل کھلاڑیوں کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے کھلاڑیوں کو دوران تربیت اور بیرون ملک جانے کے لئے فل اسپانسر کیا جائے گا،صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
وزیراعلی نے عزم ظاہر کیا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کی بحالی پر کام جلد مکمل کریں گے، کوشش ہے کہ اسی سال ارباب نیاز اسٹیڈیم میں انٹرنیشنل میچز منعقد کریں،میں خود کھلاڑی ہوں اور مجھے معلوم ہے کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے کیا اقدامات کرنے ہیں۔
ہم بہت جلد اضلاع، صوبے اور ملکی سطح کے اسپورٹس ایونٹس منعقد کرکے قومی اور بین الاقوامی سطح پر صوبے کا مثبت تشخص اجاگر کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے ایونٹس میں ونر، رنر اپ اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے لئے 50، 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا ۔

مزید پڑھیں:  آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کو اسلام آباد سے گرفتار