آئی ایم ایف

آئی ایم ایف نے پنشن پر ٹیکس لگانے کا کہہ دیا

ویب ڈیسک: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف )نے پاکستان سے شہری اور عسکری اداروں سے ریٹائرڈ افراد کی پنشن پر ٹیکس لگانے سمیت متعدد پنشن پر ٹیکس استثنیٰ واپس لینے کا کہہ دیا ہے ۔
آئی ایم ایف کا وفد گزشتہ روز خاموشی سے اسلام آباد پہنچا جہاں وہ قرض کے سلسلے میں حکومت پاکستان سے بات چیت کرے گا۔
آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ پاکستان مجموعی قومی پیداوار کے نصف فیصد (0.5%) مزید محصولات جمع کرے جس کا مجموعی حجم 600 ارب روپے بنتا ہے اور یہ ٹیکس تنخواہ دار اور کاروباری طبقے سے وصول کیا جائے گا۔
آئی ایم ایف کی تجویز پر عمل کرتے ہوئے اگر حکومت ریٹائرڈ افراد کی پنشن پر ٹیکس عائد کرتی ہے اور دیگر مراعات کا خاتمہ کرتی ہے تو اس سے سالانہ 22 سے 25 ارب روپے اضافی حاصل ہوں گے،آئی ایم ایف اور حکومت پاکستان کے درمیان آج سے مذاکرات کا آغاز ہوگا اور ذرائع کے مطابق ان مذاکرات میں 2مختلف بیل آئوٹ پیکیج پر بات چیت ہوگی۔
آئی ایم ایف پاکستان کے مشن کے سربراہ آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔
پاکستان دو مختلف قرض کا حصول چاہتا ہے جن میں سے ایک بنیادی ڈھانچے کی اصلاحات کے لیے ہوگا جبکہ دوسرا قرض موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے میں استعمال ہوگا۔
دو روز قبل وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے نئے قرض کے حجم اور اس کی مدت کے بارے میں ابھی حتمی معاملات طے نہیں ہوئے ہیں تاہم جلد ہی اسے حتمی شکل دے دی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا یہ 24 واں پروگرام ہوگا پاکستان کے لیے جسے اب تک کا سب سے مشکل ترین قرض پروگرام کہا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:  کرغزستان سے 140پاکستانیوں کولاہور پہنچا دیا گیا