پشاور میں آتشزدگی کا واقعہ

یہ بات افسوس کے ساتھ سنی گئی کہ گزشتہ روز پشاور صدر کے علاقہ نوتھیہ پھاٹک کے قریب آتشزدگی سے کئی سرکاری اور نجی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ،پھاٹک کے قریب ریلوے لائن پر قائم بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے دیکھتے ہی دیکھتے کئی سرکاری اور نجی عمارتیں آگ کی لپیٹ میںآئیں،درجنوںدکانیں ،کھوکھے جل کرخاکسترہوگئے،جس سے کروڑوں کے نقصانات کی اطلاعات ہیں، آگ بجھانے کے دوران تین فائر فائٹرز کی حالت غیر ہو گئی اور انہیں فوری طور پر طبی امداد مہیا کی گئی جبکہ ایک کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، بجلی کے ٹرانسفارمر اورتاریں جل جانے کی وجہ سے علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا، آگ لگنے کی وجوہات کا تا دم تحریر معلوم نہیں ہو سکا اور صورتحال معمول پر آنے کے بعد ہی وثوق کیساتھ کچھ کہا جا سکے گا، تاہم جن لوگوں کے املاک کو نقصان پہنچا ہے اور جو لوگ آگ کی وجہ سے عارضی طور پر بے گھر ہو گئے ہیں ان کی دادرسی کا تقاضا ہے کہ انہیں حکومت ضروری مالی امداد اور دیگر سہولیات فراہم کرے اور ان کی بحالی کیلئے اقدام اٹھایا جائے، ایسا لگتا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے بجلی کی بوسیدہ تاریں متاثر ہوئی ہوں اور ان میں آگ بھڑک اٹھی ہو یا پھر شارٹ سرکٹ کا مسئلہ بھی ہو سکتا ہے، بہرحال صورتحال جو بھی ہو متاثرین کو ضروری امداد بم پہنچانا اور ان کے نقصانات کا ازالہ کرنا ضروری ہے۔

مزید پڑھیں:  جینا محال ہے