22 گھنٹے لوڈشیڈنگ

22 گھنٹے لوڈشیڈنگ کیخلاف مہمند مشران کا گرینڈ جرگہ، فوری خاتمے کا مطالبہ

ویب ڈیسک: 22 گھنٹے لوڈشیڈنگ کیخلاف ضلع مہمند میں مشران کا گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں علاقہ مشران کے علاوہ اہالیان علاقہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
22 گھنٹے لوڈشیڈنگ کیخلاف اس جرگہ میں کھل کر بات کی گئی۔ مہمند خویزئی اٹا سٹیڈیم میں قومی مشران کے گرینڈ احتجاجی جرگہ میں مشران کا کہنا تھا کہ بجلی کی اس ظالمانہ اور 22 گھنٹے لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے ساتھ نہ صرف ظلم ہے بلکہ ہمارے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف بھی ہے۔ علاقہ عمائدین کا کہنا تھا کہ اضافی ٹیکسوں سے یہاں پر روزگار بند ہو جاتا ہے جس سے دیگر مسائل جنم لیتے ہیں۔
اہالیان علاقہ نے اس موقع پر کہا کہ 22 گھنتے لوڈشیڈنگ اور وہ بھی اس گرمی کے موسم میں یہاں کے عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ظلم نارواکا فوری مداوا کیا جائے۔
گرینڈ احتجاجی جرگہ میں مشران و عمائدین علاقہ سمیت اہالیان علاقہ نے یک زبان ہو کر مطالبہ کیا کہ عزم استحکام آپریشن سے پہلے حکومت دربدر قبائلیوں کو اپنے علاقے میں آباد کرنے کا بندوبست کرے۔
جرگہ مشران کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں اور اب بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ آمن کی بحالی میں سیکورٹی اداروں سمیت انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کو تیار ہیں۔

مزید پڑھیں:  سیاسی جماعتوں سے گوشوارے طلب کرلئے گئے